لاہور( این این آئی)سابق خاتون اول کی قریبی دوست فرح خان نے قومی احتساب بیورو میں اپنی طلبی کے نوٹسز روکنے کے لیے وکیل کے توسط سے نیب کو قانونی نوٹس بھجوا دیا ۔فرح خان کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے نیب کو نوٹس بھجوایا جس میں فرح خان کے
خلاف کارروائی روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ نیب کو پبلک آفس ہولڈر کے سوا کسی پرائیویٹ شخص کے خلاف انکوائری یا انویسٹی گیشن کا اختیار نہیں ، کرپشن کا کوئی ثبوت نیب کی جانب سے پیش نہیں کیا گیا۔نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ قائمقام چیرمین اس قسم کی کارروائی کا اختیار نہیں رکھتے، حالیہ ترامیم کے بعد یہ معاملہ نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، لہٰذانیب نوٹسز فوری طور پر واپس لیے جائیں۔نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر طلبی کا نوٹس واپس نہ لیا گیا تو اعلی عدلیہ سے رجوع کیا جائے گا۔قومی احتساب بیورو لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں فرح خان اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کو نوٹس جاری کئے تھے اور انہیں 20جولائی کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔دوسری جانب سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اینٹی کرپشن میں طلبی کا نوٹس لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔درخواست میں چیف سیکرٹریپنجاب، سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی اینٹی کرپشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ زمین کی فروخت کا معاہدہ کسی بھی طرح غیر قانونی نہیں تھا۔اینٹی کرپشن نے غیر قانونی طور پر انکوائری شروع کی۔شیخ رشید کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ اینٹی کرپشن میں 15جولائی کی طلبی کا نوٹس غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔