کراچی (این این آئی)عید قرباں کا رنگ تفتیشی پولیس کے سر چڑھ کر دوڑنے لگا اور پولیس افسر ملزم پکڑنے کیلیے شہریوں کو گائے اور بکرے لانے کا انوکھا حکم دینے لگے۔تفصیلات کے مطابق عید قرباں کا رنگ پولیس پر سر چڑھ کر دوڑنے لگا ہے اور پولیس افسر کیسز
کی تفتیش اور ملزمان کو پکڑنے کے لیے مدعی شہریوں سے گائے اور بکرے لانے کی انوکھی اور مہنگی فرمائشیں کرنے لگے ہیں۔گزشتہ دنوں کراچی کے تھانے فیروز آباد میں ایک شہری کے گھر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا اور جب متاثرہ شہری اپنی درخواست لے کر متعلقہ تھانے پہنچا تو پہلے سے مصیبت کا شکار شہری کو شاہانہ انداز میں ایک گائے اور دو بکرے لانے کی انوکھی فرمائش کرکے نئی مصیبت سے دوچار کردیا گیا۔متاثرہ شہری اظہر اقبال کے گھر گزشتہ ہفتے 23 جون کو فائرنگ کا واقعہ پیش آیا اور جب وہ اس کا مقدمہ درج کرانے متعلقہ فیروز آباد تھانے پہنچا تو اس کے ساتھ جو ہوا وہ اس کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا۔متاثرہ شہری اظہر نے الزام عائد کیا ہے کہ جب وہ اپنے گھر فائرنگ کے واقعہ کی شکایت درج کرانے متعلقہ تھانے فیروز آباد پہنچا تو وہاں موجود ایس آئی او نے اس کی مدد کرنے اور ملزمان پکڑنے سے صاف انکار کردیا اور شاہانہ انداز میں ایک انوکھی اور مہنگی فرمائش سامنے رکھ دی۔اظہر کے مطابق فیروز آباد تھانے کے ایس آئی او نسیم فاروقی نے اس سے کہا کہ اگر ملزمان پکڑوانے ہیں تو پہلے ایک گائے اور 2 بکرے لاؤ تب ہی تمہاری شکایت درج کرکے ملزمان کو پکڑا جائے گا، پولیس کی اس فرمائش کے بعد شہری اپنا سا منہ لیے واپس لوٹ آیا۔