اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )ایف بی آرنے ترمیمی فنانس بل 2022ءکے تحت گاڑیوں پر سی وی ٹی ٹیکس کم کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق مطابق سی وی ٹی میں ایک فیصد کمی کر دی گئی ہے ،اس حوالے سے فنانس بل 2022ءمیں ایف بی آر نے مخصوص اثاثوں کی کیپیٹل ویلیو پر
ایک لیوی آف ٹیکس کی تجویز دی ہے جسے کیپیٹل ویلیو ٹیکس کا نام دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ ٹیکس ان گاڑیوں پر عائد ہو گا جن کی قیمت پچاس لاکھ سے زیادہ ہو گی ۔
قبل ازیں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور کسٹم ٹیکس تجاویز کی منظوری دے دی تھی ،
جس کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں گوشوارے جمع نہ کروانے والوں کیلئے گاڑیوں کی رجسٹریشن کا ٹیکس 100فیصد بڑھا دیا گیا تھا۔نان فائلر کو پراپرٹی خریدنے پر 5 فیصد ٹیکس دینا ہوگا
، بیرون ممالک ڈکلیئرڈ اثاثوں کی قیمت پر پاکستانیوں کو ایک فیصد کیپٹل ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں فنانس بل 2022 میں انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور کسٹم ٹیکس کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔