اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی)بنوں میں ویسٹ ون کنویں سے گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کنویں سے 50 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ نجی ٹی وی ٹوئنٹی فور کے مطابق ویسٹ ون کنویں سے 300 بیرل یومیہ لیکویڈ گیس بھی حاصل ہوگی،
ماڑی پٹرولیم نے سٹاک ایکس چینج انتظامیہ کو آگاہ کردیا۔ کنویں سے حاصل ہونے والی گیس سوئی ناردرن گیس کمپنی کو دی جائے گی ،نئے گیس ذخائر کی دریافت سے گیس بحران میں کمی آئے گی ، سوئی ناردرن کے سسٹم میں 50 ایم ایم سی ایف ڈی کا اضافہ ہوگا۔قبل ازیں سندھ اور پنجاب میں تیل وگیس کی دریافت کے حوالے سے دوبڑی کامیابیاں ملیں ہیں۔آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے مطابق پہلی کامیابی سندھ کے ضلع ٹنڈو اللہ یار میں نم بلاک سے ملی جہاں یومیہ 1400 بیرل تیل،50 لاکھ 20 ہزار مکعب فٹ گیس کے ذخائردریافت ہوئے ہیں۔ترجمان کے مطابق پنجاب کے ضلع راجن پور کے کلچاس بلاک کے مقام پر بھی گیس کے ذخائر دریافت ہوئے ہیں جہاں سے یومیہ 12 لاکھ 40 ہزار کیوبک فٹ گیس برآمد ہوگی۔تیل و گیس کمپنی نے گیس کے ذخائر کی تازہ دریافت کو توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے ملک کے توانائی کے شعبے میں ایک قابل قدر اضافہ قرار دیا ہے۔ترجمان کے مطابق گیس کی دریافت نے ملک میں توانائی کی طلب کو پورا کرنے کے لیے نئی راہیں کھول دی ہیں۔