اسلام آباد (نیوز ڈیسک) انگلینڈ میں مقیم سابق پاکستانی کرکٹر نعیم احمد کے بیٹے فرحان احمد نے انگلش ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ 17 سالہ آف اسپنر فرحان، جو کہ انگلینڈ کے موجودہ ٹیسٹ کرکٹر ریحان احمد کے چھوٹے بھائی ہیں، نے ویٹیلیٹی بلاسٹ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں ایک یادگار کارنامہ انجام دیا۔
ٹرینٹ برج میں ہونے والے میچ میں فرحان احمد ناٹنگھم شائر کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے صرف 25 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں، جن میں مسلسل تین وکٹوں نے انہیں ہیٹ ٹرک کا اعزاز دلایا۔
ان کی زبردست بولنگ کی بدولت حریف ٹیم لنکا شائر صرف 126 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جس کے بعد ناٹنگھم شائر نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 16ویں اوور میں ہدف حاصل کر لیا۔
فرحان احمد گزشتہ سیزن میں بھی خبروں کا مرکز بنے تھے جب انہوں نے فرسٹ کلاس میچ میں 10 وکٹیں حاصل کی تھیں، اور یہ کارنامہ انجام دینے والے کم عمر ترین کھلاڑیوں میں شمار کیے گئے۔ اس کے علاوہ، وہ 16 برس کی عمر میں ناٹنگھم شائر کی طرف سے فرسٹ کلاس ڈیبیو کرنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بھی بن چکے ہیں۔
فرحان کی اس شاندار کارکردگی نے نہ صرف ان کے کیریئر کے امکانات کو روشن کیا بلکہ پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کی انگلینڈ میں بڑھتی ہوئی اہمیت کو بھی اجاگر کیا ہے۔