کراچی(این این آئی)ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر خاتون کے قتل کی ویڈیو وائرل ہے خاتون کے قتل کا مقدمہ ریاست، صوبائی حکومت کی مدعیت میں درج کر رہے ہیں۔کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خاتون کے قتل میں ملوث ملزمان کیخلاف کارروائی کر رہے ہیں ایک ملزم کو گرفتار کیا جا چکا ہے جب کہ مزید کو گرفتار کیا جائیگا۔
ترجمان نے واضح کیا کہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد تحقیقات کر رہے ہیں واقعے کا ضلعی انتظامیہ کو بھی علم نہیں تھا، خاتون کی باڈی ریکور ہونے کا مراحلہ ابھی باقی ہے۔ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات اور ملوث ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیاہے جبکہ 48 گھنٹوں میں رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ عید الاضحی کے دنوں میں پیش آیا، کسی خاندان نے اس کی رپورٹ درج نہیں کرائی، حکومت کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جارہا ہے۔شاہد رند نے کہا کہ اس واقعہ میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، ابھی لاشیں برآمد نہیں ہوئیں۔ویڈیو میں نظر آنے والے افراد کی شناخت کیلئے ڈیٹا نادرا بھیجا گیا جس میں متعلقہ قبائل اور ملوث افراد کی شناخت ہو گئی ہے فی الحال ظاہر نہیں کر رہے۔انہوں نے کہاکہ جرگوں کا انعقاد سندھ، بلوچستان، پنجاب، کے پی میں ہوتا ہے قانون میں جرگوں کی اجازت نہیں۔