اسلام آباد (نیوز ڈیسک) – پاکستان میں نئے کرنسی نوٹ چھاپنے کی تیاریاں مکمل ہیں، تاہم حتمی ڈیزائن پر سٹیٹ بینک کو حکومت کی منظوری کا انتظار ہے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن نے بتایا ہے کہ نئی کرنسی جدید سکیورٹی فیچرز کے ساتھ تیار کی جائے گی، تاہم ڈیزائن تاحال موصول نہیں ہوئے۔ نئی کرنسی کی چھپائی میں کم از کم دو ماہ کا وقت درکار ہوگا، البتہ چھپائی کے لیے جدید مشینری پہلے سے دستیاب ہے۔
سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے سینئر منیجر عامر شمس نے کہا کہ سٹیٹ بینک اور سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے درمیان نئی کرنسی کی چھپائی پر بات چیت ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی کرنسی کے ڈیزائن مرحلہ وار یا ایک ساتھ جاری کیے جا سکتے ہیں، اور یہ معاملہ فی الحال سٹیٹ بینک میں زیر غور ہے۔ سٹیٹ بینک رواں سال کے دوران نئی کرنسیوں کی چھپائی کے لیے ٹائم لائن بھی جاری کر سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئے ڈیزائن والے نوٹوں کی چھپائی کا آرڈر کابینہ سے منظوری کے بعد ہی دیا جائے گا۔ نئی کرنسیوں کے ڈیزائن شارٹ لسٹ کر کے حکومت کو بھیج دیے گئے ہیں، اور توقع ہے کہ 2026ء کے آخری مہینوں میں کابینہ کی منظوری کے بعد یہ نوٹ عوام کے لیے جاری کیے جا سکتے ہیں۔















































