اسلام آباد (نیوز ڈیسک)150 سی سی موٹر سائیکل خریدنے کے خواہشمند افراد کے لیے سہولت کی خبر سامنے آئی ہے، کیونکہ اب نئی موٹر سائیکل کے حصول کے لیے مکمل رقم ایک ہی وقت میں ادا کرنا لازم نہیں رہا۔نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق اٹلس ہونڈا کی معروف موٹر سائیکل CG 150 کو اب اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کی SC آسان اسکیم کے تحت اقساط پر خریدا جا سکتا ہے۔ اس اسکیم کے تحت اہل صارفین 3، 6 یا 12 ماہ کی مدت میں موٹر سائیکل حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ بینک اس سہولت کو بغیر کسی مارک اپ کے فراہم کر رہا ہے۔تاہم صارفین کو آگاہ کیا گیا ہے کہ بکنگ کے موقع پر ایک مرتبہ پروسیسنگ فیس ادا کرنا ہوگی، جبکہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (FED) اور دیگر علاقائی ٹیکسز بھی لاگو ہو سکتے ہیں۔
بینک کے مطابق پروسیسنگ فیس منتخب مدت کے مطابق مختلف ہوگی، جس میں 3 ماہ کے لیے 1.99 فیصد، 6 ماہ کے لیے 5.99 فیصد اور 12 ماہ کی مدت پر 11.99 فیصد ایک بار وصول کیا جائے گا۔ہونڈا CG 150 کی سرکاری قیمت 459,900 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ پروسیسنگ فیس شامل کرنے کے بعد نیٹ قیمت 450,999 روپے بنتی ہے۔ تین ماہ کی مدت منتخب کرنے پر ماہانہ قسط تقریباً 150,333 روپے ہوگی، چھ ماہ کی صورت میں قسط 75,167 روپے جبکہ بارہ ماہ کے پلان میں ماہانہ ادائیگی تقریباً 37,583 روپے بنتی ہے۔ تاہم حتمی قابلِ ادائیگی رقم میں FED اور دیگر مقامی ٹیکسز شامل کیے جا سکتے ہیں۔
یہ قسطوں کی سہولت صرف اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے روایتی کریڈٹ کارڈ رکھنے والے صارفین کے لیے دستیاب ہے۔ موٹر سائیکل کی بکنگ یا مزید معلومات کے لیے صارفین بینک کی 24 گھنٹے فعال ہیلپ لائن 021-111-002-002 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔بینک اور کمپنی کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ تمام بکنگز شرائط و ضوابط کے مطابق ہوں گی اور ٹیکسز و علاقائی چارجز کے باعث حتمی قیمت میں فرق آ سکتا ہے۔ مہنگائی کے موجودہ حالات میں اس اقدام کو موٹر سائیکل صارفین کے لیے ایک اہم ریلیف قرار دیا جا رہا ہے۔















































