اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ کی اہلیہ ایمان رجب اور ان کی ساس کے درمیان ہونے والی ایک مبینہ نجی آڈیو گفتگو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس نے آن لائن حلقوں میں خاصی توجہ حاصل کر لی ہے۔سامنے آنے والے وائس نوٹ میں ایمان رجب جذباتی انداز میں اپنی ساس سے بات کرتی سنائی دیتی ہیں اور ان سے گزارش کرتی ہیں کہ ان کے بیٹے کیوان کا ذکر وی لاگز میں نہ کیا جائے۔ ایمان کا مؤقف ہے کہ وہ اپنے بچے کو عوامی نظروں سے دور رکھنا چاہتی ہیں کیونکہ سوشل میڈیا پر تنقید اور منفی تبصروں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
وائس نوٹ میں ایمان یہ بھی کہتی ہیں کہ کیوان کی پیدائش اور اس کی ابتدائی حالت سے متعلق تمام تر حالات وہ خود بہتر جانتی ہیں اور اللہ تعالیٰ نے ہی اس کی حفاظت فرمائی ہے۔ روتے ہوئے وہ اپیل کرتی ہیں کہ نہ ان پر ظلم کیا جائے اور نہ ہی ان کے بچے پر، اور واضح طور پر کہتی ہیں کہ آئندہ وی لاگز میں کیوان کا نام شامل نہ ہو، جس کی ذمہ داری وہ اپنی ساس پر عائد کرتی ہیں۔ایمان رجب کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کے تحفظ کے حوالے سے مکمل طور پر باخبر ہیں اور کسی صورت اسے کسی نقصان میں مبتلا ہوتے نہیں دیکھ سکتیں۔اس معاملے پر سوشل میڈیا پر ردعمل سامنے آیا ہے، جہاں بڑی تعداد میں صارفین نے ایمان رجب کے مؤقف کی تائید کی اور کہا کہ ہر ماں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے بچے کو سوشل میڈیا کی نمائش سے دور رکھے۔
تاہم کچھ افراد نے اس نجی وائس نوٹ کے لیک ہونے پر تشویش ظاہر کی اور سوال اٹھایا کہ یہ ذاتی گفتگو کس نے اور کس مقصد کے تحت عام کی۔یہ واقعہ رجب بٹ اور ایمان رجب کے مبینہ خاندانی اختلافات میں ایک نیا موڑ قرار دیا جا رہا ہے، جس پر سوشل میڈیا پر مسلسل بحث جاری ہے۔وائس نوٹ میں یہ بھی سامنے آیا کہ ایمان کی بات سننے کے بعد رجب بٹ کی والدہ نے گھر آ کر بچے کا کیک کاٹنے کی بات کی، تاہم ایمان نے ان سے درخواست کی کہ کیک کے بجائے عقیقے کے جانور قربان کیے جائیں۔















































