اسلام آباد (این این آئی)پاکستانی پاسپورٹ میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کرلیا گیا،نئے جاری ہونے والے پاسپورٹ پر والد کے ساتھ اب والدہ کا نام بھی لازمی قرار دے دیا گیا۔ تجدید کروائے جانے والی پاسپورٹس پر بھی والد اور والدہ کا نام لکھا جائے گا۔ترجمان پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے مطابق فیصلہ عالمی معیار سے ہم آہنگ ہونے، سماجی ضروریات مدنظر رکھتے ہوئے کیا، اس اقدام کا مقصد عالمی تقاضے پورے کرنا ہے۔
اس نئے نظام کے بعد یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ جن کے پاس پہلے سے جاری شدہ پاسپورٹس ہیں، کیا ان کو نئے پاسپورٹ بنوانے ہوں گے؟ اس حوالے سے تاحال حتمی پالیسی جاری نہیں کی گئی، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ پاسپورٹس اپنی معیاد تک کارآمد رہیں گے، اور نئی تبدیلی کا اطلاق آئندہ جاری ہونے والے پاسپورٹس پر ہوگا۔