اسلام(نیوز ڈیسک) سابق کرکٹر عماد وسیم ایک مرتبہ پھر خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں، اس بار وجہ ان کی کرکٹ نہیں بلکہ ذاتی زندگی میں پیش آنے والی ممکنہ تبدیلیاں ہیں۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات کے مطابق عماد وسیم اور ان کی اہلیہ ثانیہ اشفاق کے درمیان علیحدگی واقع ہو چکی ہے، جس کی مبینہ وجہ ان کا سوشل میڈیا پر سرگرم انفلوئنسر نائلہ راجا کے ساتھ تعلق بتایا جا رہا ہے۔اس حوالے سے باضابطہ طور پر دونوں کی طرف سے کسی تصدیق یا تردید کا بیان سامنے نہیں آیا، تاہم سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے چہ مگوئیاں جاری ہیں۔
ثانیہ اشفاق نے حالیہ دنوں انسٹاگرام پر اپنے بیٹے زایان کی ایک تصویر شیئر کی، جس کے کیپشن نے مداحوں کی توجہ حاصل کی۔ انہوں نے لکھا:”میں نے تمہیں نو ماہ تک اپنے وجود کا حصہ بنائے رکھا، اب اللہ سے دعا ہے کہ وہ مجھے مستقبل کے سفر کے لیے مزید ہمت دے، زایان۔”اس جذباتی پیغام میں عماد وسیم کا کوئی ذکر نہ ہونے پر لوگوں نے قیاس آرائیاں شروع کر دیں کہ ممکنہ طور پر دونوں کے درمیان راہیں جدا ہو چکی ہیں۔عماد وسیم اور نائلہ راجا کے درمیان قربت کے حوالے سے متعدد افواہیں سوشل میڈیا پر سرگرم ہیں، تاہم اس بارے میں ابھی تک کوئی مصدقہ اطلاع موجود نہیں۔یہ خبریں اس وقت سامنے آئی ہیں جب ثانیہ اور عماد وسیم کی ازدواجی زندگی کئی برسوں سے بظاہر خوشگوار دکھائی دے رہی تھی، لیکن حالیہ سوشل میڈیا سرگرمیوں نے اس تاثر کو بدل کر رکھ دیا ہے۔