اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ، آن لائن)ممتاز عالمِ دین مفتی تقی عثمانی نے سودی نظام کو جاری رکھنے کیلئے بینکوں کے عدالتِ عظمیٰ سے رجوع کرنے پر کہا ہے کہ غیرت مند مسلمان سودی بینکوں کا بائیکاٹ کریں۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں مفتی تقی عثمانی
نے کہا کہ ایک بار پھر اسٹیٹ بینک اور چار بینکوں نے سودی نظام کو جاری رکھنے اور تین اعلیٰ عدالتوں کے فیصلوں کو کھٹائی میں ڈالنے کے لئے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سودی نظام کو ختم کرنے کے لئے حکومت کو پانچ سال کی طویل مہلت دی گئی تھی۔یاد رہے کہ سٹیٹ بینک سمیت 4 نجی بینکوں نے سود کیخلاف وفاقی شرعی عدالت کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے،اپیل میں وزارت خزانہ،قانون،چیئرمین بینکنگ کونسل اور دیگر کو فریق بنایا گیا،سٹیٹ بینک کی طرف سے سلمان اکرم راجہ نے اپیل دائر کی،اپیل میں موقف اختیارکیاگیاکہ شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کو سماعت کے لئے منظورکی جائے،شرعی عدالت نے سیونگ سرٹیفکیٹ سے متعلق رولز کوخلاف اسلام قرار دیاہے، فیصلے میں اٹھائے گئے نکات کی حد تک ترمیم کی جائے،ادھرچار نجی بینکوں کے وکلاء نے بھی شرعی عدالت کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کردی ہے۔یادرہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی شرعی عدالت نے سود کے خلاف دائرکیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سود کے لئے سہولت کاری کرنے والے تمام قوانین اورشقوں کوغیرشرعی قراردے دیا۔