کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) ایک سیاسی جماعت کا سوشل میڈیا گروپ اور اس کے یوٹیوبرز عسکری قیادت کے خلاف ہرزہ سرائی اور اشتعال انگیز پوسٹوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ پوسٹیں زیادہ تر برطانیہ اور پشاور سے جنریٹ ہورہی ہیں۔روزنامہ جنگ میں اسد ابن حسن
کی شائع خبر کے مطابق گزشتہ دو یوم سے ایک نام نہاد فوجی کی پوسٹ بے انتہا وائرل اور متخلف گروپس اس کو شیئر کررہے ہیں۔ پہلے ایک ویڈیو کلپ جاری کی گئی اور پھر اس کا پارٹ ٹو جاری کیا گیا۔ پوسٹ میں ایک سابق عسکری قیادت کے اعلیٰ افسر سے مشابہت رکھنے والا سوٹ پہنے ہوئے عسکری قیادت کے خلاف نامناسب اور اشتعال انگیز باتیں کررہا ہے۔ پہلی پوسٹ پر کوئی کیپشن نہیں ہے مگر دوسری پوسٹ پر مذکورہ شخص کو حساس عسکری ادارے کا سابق اعلیٰ افسر (نام کے ساتھ) بتایا جارہا ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ مذکورہ شخص برطانیہ کا رہائشی ہے، وہ فوج میں 84پی ایم اے کورس کا طالب علم تھا۔ کمیشن ملنے کے بعد اس کی تعیناتی 6ایف ایف (فرنٹیئر فورس) یونٹ میں تھی۔ اس کو فاٹا آپریشن میں حصہ لینے کیلئے بھیجا گیا مگر وہاں اس نے ”بزدلی“ کا مظاہرہ کیا جس پر اس کو فوج کی نوکری سے برخاست کردیا گیا۔