لاہور(این این آئی) پنجاب حکومت نے اسپیکر کے اختیارات محدود کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبائی اسمبلی کے اسپیکر کی جانب سے شدید پریشانیوں کا سامنا کرنے کے بعد صوبائی اسمبلی کو محکمہ قانون کے ماتحت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی اسمبلی کے اختیارات محدود کرنے کے لیے محکمہ قانون نے سمری تیار کر لی ہے، اس سلسلے میں صوبائی اسمبلی رولز آف بزنس میں آرڈینس کے ذریعے ترامیم کی جائیں گی۔حکومت نے پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ کی حیثیت ختم کرنے کے لیے آرڈیننس لانے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے۔دوسری جانب مسلم لیگ(ق) اور پی ٹی آئی نے اراکین کو ایوانِ اقبال میں ہونے والے پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں جانے سے روک دیا۔پی ٹی آئی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر محمود الرشید کا کہنا ہے کہ اراکین کو اطلاع کر دی ہے کہ پرویز الہی کی زیرِ صدارت اجلاس میں شریک ہوں۔تحریکِ انصاف نے تمام اراکینِ اسمبلی کو مراسلہ بھی جاری کر دیا، اراکینِ اسمبلی کو خط پارلیمانی لیڈر میاں محمود الرشید کی جانب سے لکھا گیا ہے۔مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسپیکر پرویز الہی کی زیرِ صدارت ہو رہا ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ارکانِ اسمبلی چوہدری پرویز الہی کی زیرِ صدارت اجلاس میں شرکت کریں، پنجاب اسمبلی کے سوا کسی اور جگہ اجلاس میں شرکت نہ کی جائے۔