رضا ربانی کا علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و سینیٹر میاں رضا ربانی نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے اپیل کی ہے کہ ایم این اے علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں۔
اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں تاکہ وہ بجٹ اجلاس میں اپنے حلقے کی نمائندگی کر سکیں۔
رضا ربانی نے کہا کہ علی وزیر 15 ماہ سے زائد عرصے سے زیرِ حراست ہیں، قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت علی وزیر کا آئینی حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قومی اسمبلی کے رول 108 اور سینیٹ کے رول 84 کا تحفظ کیا، ان رولز پر عمل درآمد نہ کرنا علاقے کے عوام کو نمائندگی سے محروم رکھنے کے مترادف ہے۔
سابق چیئرمین سینیٹ کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کا تشخص اور اتھارٹی کو روندا گیا، اب یہ ایک خالی عمارت ہے، پارلیمنٹ کے ادارے کو دوبارہ تعمیر کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اور اس کے پریزائیڈنگ افسران کی اتھارٹی کو بحال کرنا ہو گا، اسپیکر بطور ایوان کے کسٹوڈین کے اپنی اتھارٹی منوائیں۔
رضا ربانی کا کہنا ہے کہ چیئرمین اور اسپیکر مشترکہ طور پر پارلیمنٹ کے آئین کے تحت حقیقی مقام دلوائیں، ایسا نہ ہوا تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔