اسلام آباد (این این آئی)وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس زہر کھانے کو بھی پیسے نہیں ہیں۔محمد عبدالقادر کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی پیٹرولیم کا اجلاس ہوا جس میں وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک، سیکرٹری پیٹرولیم، چیئرمین اوگرا اور ڈی جی گیس سمیت کاروباری شخصیات بھی شریک ہوئیں۔
وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے کمیٹی کو بتایاکہ حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو ریگولیٹ کرتی ہے، ہم پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں پیٹرول پمپس کے درمیان مسابقت چاہتے ہیں۔اس موقع پر وزیر مملکت نے کہا کہ سابق وزیرتوانائی نے روس سے تیل خریداری کے لیے ایک خط ضرور لکھا تھا تاہم روس کے ساتھ پاکستان کا تیل خریدنے کا کوئی معاہدہ نہیں۔وزارت پیٹرولیم نے بتایا کہ ایران سے بہت تیل پاکستان اسمگل ہو رہا ہے، ایرانی اسمگل شدہ تیل سستا ہوتا ہے ،اسمگلنگ جرم ہے۔سیکرٹری پیٹرولیم نے بتایا کہ گیس سیکٹر کا گردشی قرض بھی 1500ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔وزیر مملکت نے کہا کہ سوئی گیس کمپنیوں کے اثاثے کم ہونا شروع ہوگئے ہیں اور کمپنیوں کے منافع جات کم ہو گئے ہیں، اس طرح تو یہ کمپنیاں دیوالیہ ہو جائیں گی۔مصدق ملک نے کہا کہ حکومت کے پاس تو زہر کھانے کو بھی پیسے نہیں ہیں۔