اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان لوگوں کو اکسا رہے ہیں، افراتفری پیدا کر رہے ہیں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائیگی ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہاکہ عمران خان لوگوں کو اکسا رہے ہیں،
افراتفری پیدا کر رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اس شخص نے واحیاتی، بے شرمی اور بے غیرتی کو عروج دیا ہے، یہ پوری قوم کو گمراہ کرنا چاہتا ہے، یہ اپنے ووٹر اور سپورٹرز کو کہتا ہے کہ آپ انہیں جہاں بھی دیکھیں انہیں غدار کہیں۔انہوںنے کہاکہ اگر اس طرح عمران خان اپنے لوگوں کو گالیاں دینے کی ترغیب دیں
تو صبر کرنے والوں میں سے کوئی ایک ایسا بھی ہوگا جو اس بات کا جواب دے گا، یہ لوگوں کو اکسا رہے ہیں، افراتفری پیدا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لگتا تو یہ ہے کہ عمران خان کا ایجنڈا ملک دشمن ایجنڈا ہے، 30 سال پہلے حکیم سعید نے اپنی کتاب میں لکھا تھا کہ کوئی لابی اسے تیار کر رہی ہے
اور یہ شخص اس ملک کو تباہ کرے گا۔عمران خان کے لانگ مارچ کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہا کہ اتحادی حکومت کے سربراہاں کا فورم جو فیصلہ کرے گا اس کے مطابق اس معاملے کو دیکھا جائے گا، اگر انہوں نے کہا کہ انہیں نہیں آنے دینا ہے تو یہ بازو ہمارے آزمائے ہوئے ہیں‘ انہیں گھروں سے نہیں نکلنے دیں گے۔