اسلام آباد (این این آئی)سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے ہائی پروفائل کیسز میں تقرری و تبادلوں کو روک کر تاریخی اور سنہری فیصلہ دیا ہے،حکومت نے آتے ہی تمام کیسز کی فائلوں کو بدلا، تفتیش کار بدل دیئے،یہ ہفتہ بڑا اہم ہے، اس ہفتے اہم فیصلے
ہوں گے۔ ایک انٹرویومیں شیخ رشید نے کہا کہ اس حکومت نے آتے ہی تمام کیسز کی فائلوں کو بدلا، تفتیش کار بدل دیئے، جن لوگوں کے پاس ان کے خاندان کے کیسز تھے، سب کو انہوں نے ہٹایا، ذاتی کارکنوں کو پراسیکیوشن میں رکھوا دیا۔شیخ رشید نے کہا کہ یہ نیب کو دھمکا رہے تھے، سپریم کورٹ نے انہیں روک کر تاریخی اور سنہری فیصلہ دیا، نیشنل سیکیورٹی کونسل میں کبھی معاشی فیصلے ہوتے ہیں؟ ای سی ایل سے دو وزیر نام نہیں نکال سکتے، حتمی فیصلہ کابینہ کی منظوری سے ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے آتے ہی ڈی جی ایف آئی اے ثناء اللہ عباسی کو ہٹا یا، پراسیکیوٹر نے عدالت میں کہا کہ ہمیں اس کیس میں دلچسپی نہیں۔سابق وزیر نے کہا کہ یہ ہفتہ بڑا اہم ہے، اس ہفتے اہم فیصلے ہوں گے، رانا ثنا اللّٰہ ایسی غلطی کریں گے جو ان کے گلے پڑے گی، خود کو این آر او دینے کا ان کا پچاس سال کا تجربہ ہے۔انہوںنے کہاکہ ایف آئی اے کا سارا ریکارڈ یہ لاہور کی دو ماڈل ٹائون کوٹھیوں میں لے گئے ہیں، اے این ایف میں 15 شہادتیں تھیں، کسی کو شہادت نہیں دینے دی، انہوں نے فرد جرم بھی نہیں لگنے دی۔شیخ رشید نے کہا کہ چور کو انصاف کے کٹہرے سے نہیں بچنا چاہئے۔