لاہور(این این آئی) آئی جی موٹروے انعام غنی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق آئی جی موٹروے انعام غنی کوعہدے سے ہٹا کر خالد محمود کو آئی جی موٹروے کا کرنٹ چارج دیدیا گیا۔
خالد محمود ایڈیشنل آئی جی رینک کے افسر ہیں، خالد محمود اٹھارہویں کامن سے تعلق رکھتے ہیں اور اس وقت موٹروے پولیس میں خدمات سرانجام دے رہے تھے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ انعام غنی کو او ایس ڈی بنا دیا گیا اور انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا۔ انعام غنی کا تعلق خیبر پختونخواہ کے ضلع مالاکنڈ سے ہے، انہوں نے 1989میں بطور اے ایس پی پولیس سروس پاکستان جوائن کی، ان کا تعلق پولیس سروس آف پاکستان کے سترہویں کامن سے ہے، کیرئیر کے آغاز میں انعام غنی نے سی ایس اے اور نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد میں خدمات سر انجام دیں۔انعام غنی ایف آئی اے اور آئی بی میں بھی انتہائی اہم عہدوں پر خدمات سر انجام دے چکے ہیں جبکہ انہوں نے یو این مشن موزمبیق، آفیسر آن سپیشل ڈیوٹی امریکہ اورایمبیسی آف پاکستان کویت میں بھی فرائض سرانجام دیئے۔