اسلام آباد (این این آئی)سابق وزیر داخلہ شیخ رشیدنے اپنے بھتیجے شیخ راشد شفیق کی گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت انتقام پر اتر آئی ہے۔شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کو مسجد نبوی ؐ میں پیش آئے افسوسناک واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے شیخ رشید نے راشد شفیق کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ
حکومت انتقام پر اتر آئی ہے۔سابق وزیر داخلہ نے کہاکہ مقدمے کے اندراج کے بعد 150 افراد کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، یہ لوگ جہاں بھی جائیں گے ان کے خلاف نعرے لگیں گے، لوگ انہیں انڈے اور ٹماٹر ماریں گے۔شیخ رشید نے کہا کہ ہم میں سے کوئی سعودی عرب میں نہیں تھا پھر بھی مقدمہ درج کیا گیا۔تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ ابھی تو لانگ مارچ کا اعلان ہوا ہے، آپ ابھی سے گھبرا گئے اور پی ٹی آئی قیادت پر ایف آئی آر درج کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا، آپ نے اب گھبرانا ہے، عوام کا سمندر آپ کو بہالے جانے کے لیے تیار ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ جب دماغ سن ہو جائے تو ایسی اوچھی حرکتیں ہوتی ہیں۔قبل ازیں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے بھتیجے شیخ راشد شفیق کو سعودی عرب سے واپسی پر اسلام آباد ائیرپورٹ پر گرفتار کر لیا گیا۔شیخ راشد شفیق نجی ائیر لائن کی پرواز سے اسلام آباد پہنچے تھے جہاں سے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔یاد رہے کہ شیخ راشد شفیق نے مسجد نبوی ؐ میں وفاقی وزراء کے ساتھ پیش آئے افسوسناک واقعے پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔ذرائع کے مطابق شیخ راشد شفیق کو اسلام آباد ائیر پورٹ سے گرفتار کر کے ایف آئی اے کے سیل شفٹ کر دیا گیا ہے۔مسجد نبوی ؐ میں پیش آئے افسوسناک واقعہ کے خلاف فیصل آباد میں عمران خان سمیت 150 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
کہکشاں کالونی کے رہائشی محمد نعیم کی درخواست پر درج مقدمے میں توہین مذہب کی دفعہ سمیت 4 دفعات لگائی گئی ہیں جن کے تحت عمر قید ہو سکتی ہے۔ایف آئی آر میں کہا گیا کہ مسجد نبوی ؐ میں پاکستانی زائرین کو ہراساں کر کے شعار اسلام کی انجام دہی سے زبردستی روکا گیا، سارا واقعہ سوچی سمجھی سازش کے تحت ہوا۔مقدمے میں
کہا گیا کہ شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد کی قیادت میں 150 افراد کو سازش کے تحت سعودی عرب بجھوایا گیا جبکہ برطانیہ سے بھی ایک وفد سعود ی عرب پہنچا۔ادھر راولپنڈی کے تھانہ گوجر خان اور تھانہ سول لائن میں بھی شیخ رشید کے خلاف مقدمات درج کرنے کی درخواستیں دے دی گئی ہیں۔ اس طرح ملک کے مختلف شہروں میں شیخ رشید کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواستیں آ چکی ہیں۔