اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے اپنے دفتر کا چارج سنبھال لیا ،مولانا اسعد محمود نے سٹاف اور عملے سے ملاقات کی ،وفاقی وزیر سیفران سینیٹر طلحہ محمود، مولانا صلاح الدین ایوبی بھی ہمراہ تھے ۔ دوسری جانب متحدہ حکومت کی اتحادی جماعت بی این پی مینگل کے کسی رکن نے وفاقی کابینہ کا حلف نہیں اٹھایا جبکہ باپ پارٹی کی طرف سے اسرار اللہ ترین کو کابینہ کا ممبر بنادیا گیا ہے اور انہوںنے اپنے عہد ے کا حلف اٹھالیا ہے ۔ایوان صدر میں حلف بر داری کی تقریب کے بعد باپ پارٹی کے رہنما اسرار اللہ ترین نے کہاکہ وہ پارٹی فیصلے کے تحت وفاقی وزیر بنے ہیں اور انہیں دفاعی پیداوار کا محکمہ دیا گیا ہے ،جب ان سے پوچھاگیا کہ موجودہ حکومت سے کیا تعلقات ہیں تو انہوںنے کہاکہ ہم کھلے دل کے ساتھ حکومت کا حصہ بنے ہیں اور چاہتے ہیں کہ یہ نظام چلے اور ملک کے مسائل حل ہوں ۔