پشاور(این این آئی)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ عمران خان ہی ملک کا مستقبل ہیں کیونکہ خیبرپختونخوا کے بعد سندھ کے عوام نے بھی عمران خان کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے امپورٹڈ حکومت کو مسترد کردیا ہے۔
عوام نئے انتخابات چاہتے ہیں۔ اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت زیادہ دیر نہیں چلے گی کیونکہ یہ غیر فطری اتحاد ہے جو جلد اپنے انجام کو پہنچ جائے گا۔ ابھی اس امپورٹڈ حکومت میں عہدوں اور وزارتوں کی لوٹ سیل لگی ہوئی ہے۔ امپورٹڈ حکومت نے موروثی سیاست کو مزید فروغ دیا ہے۔ والد وزیراعظم ہے اور بیٹا ملک کے بڑے صوبے کا وزیراعلیٰ منتخب ہو چکا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کا ذاتی مفاد ہمیشہ قومی مفاد سے بالا تر رہا ہے اور وہ اپنا اور اپنے خاندان کا سوچ رہی ہیں۔ عمران خان کی حکومت کے خلاف بیرونی سازش میں مقامی کردار بھی ملوث رہے ہیں۔ کئی ہفتوں سے لگی ضمیر فروشی کی منڈی سے امپورٹڈ حکومت برآمد ہوئی ہے جسے کوئی بھی قبول کرنے کو تیار نہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان سب سے پہلے ملک اور عوام کی بات کرتے ہیں اور انہوں نے قومی مفاد اور عوام کی خود داری کی خاطر اپنی حکومت کی قربانی دی ہے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ عوام نے فیصلہ سنا دیا ہے کہ امپورٹڈ حکومت قبول نہیں اور جلد سے جلد نئے انتخابات کروائے جائیں۔ ملک میں جاری سیاسی ابتری کا یہی واحد حل ہے۔