اسلام آباد (نیوز ڈیسک )افواجِ پاکستان کے بہادر سپوت میجر عدنان شہید کی والدہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ اپنے بیٹے کی شہادت پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے بڑے حوصلے کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ویڈیو میں میجر عدنان شہید کی والدہ نے بتایا کہ ان کے بیٹے کی سب سے بڑی خواہش شہادت تھی اور اللہ نے یہ خواہش پوری کر دی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے تقریباً ایک ماہ پہلے ہی اندازہ ہو گیا تھا، کیونکہ عدنان اکثر اپنے شہید دوستوں کے گھروں پر اہلخانہ کو ساتھ لے کر جاتا اور دعائیں کرواتا۔ وہ اشاروں کنایوں میں سمجھاتا رہا کہ شہادت اس کا مقدر ہے۔
شہید کی والدہ نے کہا کہ اگرچہ باقی گھر والے اس بات کو نہ سمجھ سکے، لیکن ایک ماں ہونے کے ناطے میں نے بیٹے کی آنکھوں میں وہ بات دیکھ لی تھی جو کسی اور کو نظر نہ آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب وہ آخری بار گھر سے رخصت ہوا تو اس نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور جلدی سے روانہ ہوگیا، تب میں سمجھ گئی تھی کہ اب وہ واپس نہیں آئے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے بیٹے کی قربانی پر اللہ کی شکر گزار ہوں اور دعا کرتی ہوں کہ پاکستان کے تمام بچے محفوظ رہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے اپنے شہید بیٹے کے درجات کی بلندی کے لیے بھی دعا کی۔