اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) آزاد کشمیر پولیس کی ہڑتال کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اسلام آباد پولیس کے 2 ہزار اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آزاد کشمیر حکومت کی درخواست پر وفاقی پولیس نے یہ نفری فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس میں افسران اور کانسٹیبل دونوں شامل ہوں گے۔ یہ پولیس فورس اُس وقت کارروائی کرے گی جب مقامی پولیس یا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی ہڑتال کے باعث حالات قابو سے باہر ہوں۔ذرائع کے مطابق 29 ستمبر کو متوقع احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد پولیس سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ آئی جی اسلام آباد کی ہدایت پر 2 ہزار اہلکاروں اور افسران کی فہرست مرتب کی جا رہی ہے۔
اس میں ایک ایس ایس پی، 4 ایس پیز، 8 ڈی ایس پیز اور 6 انسپکٹرز شامل ہوں گے۔ مزید برآں، 88 سب انسپکٹرز اور اے ایس آئیز، 1718 کانسٹیبل و ہیڈ کانسٹیبل، 132 لیڈی کانسٹیبلان اور 33 دیگر ملازمین بھیجے جائیں گے۔اسلام آباد پولیس کے مختلف ڈویژنز سے اہلکاروں کی تعیناتی کی جائے گی۔ آپریشن ڈویژن سے 636، سیکیورٹی ڈویژن سے 480، سی ٹی ڈی سے 80 اور ٹریفک پولیس سے 90 اہلکار بھیجے جائیں گے۔ اسی طرح لاجسٹک ڈویژن سے 161، لاء اینڈ آرڈر سے 238، سی پی سی ڈویژن سے 251، اسپیشل برانچ سے 38 اور سیف سٹی سے 26 اہلکار شامل ہوں گے۔مجموعی طور پر 2 ہزار پولیس اہلکار آزاد کشمیر میں سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ آئی جی اسلام آباد کی ہدایت پر اے آئی جی آپریشن نے تمام متعلقہ ڈویژنز کو فوری طور پر فہرستیں تیار کر کے جمع کرانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔