کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان نے کراچی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے خلاف بین الاقوامی سازش ہوئی، میں کسی ملک کے خلاف نہیں ہوں، میں دوستی سب سے چاہتا ہوں غلامی کسی سے نہیں چاہتا، میں کسی قوم کے خلاف نہیں ہوں، میں دنیا میں انسانیت کے ساتھ ہوں، نہ بھارت مخالف ہوں، نہ یورپ کے خلاف ہوں نہ امریکہ مخالف ہوں۔
یہ جو سازش ہوئی ہے یہ آپ کو غلام رکھنے کی سازش ہوئی ہے، ایک میر جعفر کو ہمارے اوپر مسلط کردیا ہے، میر جعفر کی غداری کی وجہ سے بنگال انگریزوں کے قبضے میں چلا گیا، میری جان اتنی ضروری نہیں جتنی آزادی کی ملک کو ضرورت ہو۔ ہم نے ڈیزل کی قیمتیں نیچے کی تھیں یہ اب ڈیزل کی قیمتیں دوبارہ بڑھانے والے ہیں۔ امریکی سفارت خانے میں انہوں نے اپوزیشن سے ملنا شروع کیا اور جو ہمارے لوگ لوٹا ہوئے ان سے بھی ملنا شروع ہوئے۔ جو صحافی اس میں ملوث تھے ان کی بھی سفارت خانے میں ملاقاتیں اور میٹنگز شروع ہو گئیں۔ ایک صحافی نے مجھے بتایا کہ آپ کو پتہ ہے کہ ہمارے اوپر بڑا پیسہ لگایا جا رہا ہے، ڈونلڈ لو نے دھمکی دی کہ اگر عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کامیاب نہ ہوا تو پاکستان کے لئے بڑی مشکل ہو گی اور پھر کہتا ہے کہ اگر عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کامیاب ہو گئی تو پاکستان کو معاف کر دیا جائے گا۔ اس سے شرمناک دھمکی بائیس کروڑ عوام کو دی جا رہی ہے اور ملک کے الیکٹڈ وزیراعظم کو دھمکی دی جا رہی ہے، ملک کے خلاف بڑے پیمانے پر سازش ہوئی۔ رات کے بارہ بجے عدالتیں کھل گئیں میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ میں نے کیا جرم کرنا تھا کہ بارہ بجے عدالتیں کھل گئیں، میں نے پوری طرح آزاد عدلیہ کی جنگ لڑی، مجھے جنرل مشرف نے جیل میں ڈالا کیونکہ میں آزاد عدلیہ کی جنگ لڑ رہا تھا میں نے کبھی قانون نہیں توڑا، میں نے اپنی قوم کو کبھی کرکٹ کے گراؤنڈ میں شرمندہ نہیں کروایا، کبھی عمران خان کا نام میچ فکسنگ میں نہیں آیا، اللہ کا کرم ایسا کہ اس نے میری مدد کی۔