لاہور(آئی این پی )وزارت اعلیٰ پنجاب کیلئے حکومتی امیدوار چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ ڈپٹی سپیکر کی نیت صاف نہیں لگ رہی ،وقت بتائے گا کہ دوست محمد کتنے ایماندار ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزارت اعلیٰ پنجاب کے حکومتی امیدوارچودھری پرویز الہیٰ پنجاب
اسمبلی پہنچ گئے ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے نمبر پورے ہیں اگر نمبر پورے نہ ہوتے تو میں یہاں نہ آتا، آج میں کسٹوڈین نہیں ہوں ،آج پتاچلے گا کہ کون کسٹوڈین ہے اور اس کاکنڈکٹ کیا ہے۔ڈپٹی سپیکر کا آج پتا چلے گا کہ ان کا کنڈکٹ کیا ہے۔صحافی نے سوال کیا کہ جو بھی نتیجہ آتا ہے کیا آپ اسے تسلیم کرینگے ، جس پر چودھری پرویز الہیٰ نے جواب دیا کہ اگر ناانصافی ہوتی ہے تو کون مانے گا۔کوشش کریں گے کہ الیکشن شفاف ہوں لیکن نیتیں صاف نہیں ہیں۔الیکشن کیلئے دعا کریں، ہم کوشش کریں گیالیکشن شفاف ہو۔انھوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے اردگردکے حالات نیک نیتی والے نہیں، اگر بے انصافی کے نتائج ہوئے تو قبول نہیں کریں گے۔پرویزالہٰی کا مزید کہنا تھا کہ اگر نمبر پورے نہ ہوتے تو جو اتنے دنوں سے ہو رہا ہے یہ کیسے ہوتا؟ وقت پربتائیں گے ڈپٹی اسپیکرکہاں سے ہدایات لے رہا ہے۔