کراچی ( آن لائن ) پاک بحریہ کے مقامی طور پر تیار کردہ فاسٹ اٹیک کرافٹ میزائل پی این ایس ہیبت اور پل ٹگ پی این ٹی گوگا بحریہ میں شامل ہوگئے۔کراچی میں فاسٹ اٹیک کرافٹ میزائل پی این ایس ہیبت اور تیسرے 16 ٹن بولارڈ پْل ٹَگ پی این ٹی گوگا کی باقاعدہ پاک بحریہ
میں شمولیت کی تقریب ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ پی این ایس ہیبت پہلا لینڈ مارک پروجیکٹ ہے، جسے میری ٹائم ٹیکنالوجیز کمپلیکس نے مقامی طور پر ڈیزائن کیا ہے، اسے میری ٹائم ٹیکنالوجیز کمپلیکس اور کراچی شپ یارڈ نے بغیر کسی غیر ملکی تکنیکی مدد کے بنایا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سربراہ بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا کہنا تھا کہ پی این ایس ہیبت کا آغاز مقامی ڈیزائن اور تعمیر میں ایک نئے باب کا آغاز کرتا ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ مزید پختہ ہو گیا ہے، پی این ایس ہیبت سمندری دفاع کو یقینی بنانے اور بحر ہند میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے بحری چیلنجوں کا جواب دینے کے لیے پاک بحریہ کی صلاحیتوں کو مضبوط کرے گا۔ PNT GOGA کی شمولیت بھی ایک سنگ میل ہے جس سے مقامی جہازوں کی تعمیر کی صلاحیتوں کو تقویت ملے گی۔