اسلام آ باد (آئی این پی ) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی ایجنسیوں کو سندھ ہاوس کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہارس ٹریڈنگ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، عوام حکومت کے ساتھ ہیں اورعدم اعتماد کو ناکام بنائیں گے،یہ تمام صورتحال ایک سازش کے تحت کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اہم اجلاس میں اراکین اسمبلی کی خریدوفروخت سے متعلق تمام تفصیلات پیش کردی گئیں۔ اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید،وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری اور سینئرقیادت موجود تھی۔اجلاس میں سندھ پولیس کے اہلکاروں کی اسلام آباد کے سندھ ہاوس میں موجودگی پر بھی بریف کیا گیا۔ وزیرداخلہ نے اجلاس کو بتایا کہ سندھ ہاوس کی نگرانی کی جارہی ہے اور جہاز بھر کر رقم اسلام آباد لائی گئی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ہارس ٹریڈنگ کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ وزیراعظم نے وفاقی ایجنسیوں کو سندھ ہاوس کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی ہدایت کی۔ انھوں نے بھرپورعزم کا اظہار کیا کہ عوام حکومت کے ساتھ ہیں اورعدم اعتماد کو ناکام بنائیں گے،یہ تمام صورتحال ایک سازش کے تحت کی جارہی ہے۔ قانونی ٹیم نے بھی وزیراعظم کو صورتحال پر بریف کیا ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس 21 مارچ کو بلانے پر اتفاق ہوا ہے تاہم حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں یہ بھی تجویز دی گئی کہ قومی اسمبلی کا اجلاس بلواکر یہ معلوم کروایا جائے کہ کتنے ارکان اسلام آباد میں موجود ہیں اور جو ارکان غائب ہیں ان کا بھی پتہ لگوایا جائے، کچھ ارکان کے نام وزیراعظم کیپاس موجود ہیں۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے ناراض ارکان کو منانے کیلیے پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی کو ٹاسک دے دیا ہے۔