کیف(آئی این پی)روسی فوجی دستے کیف کے مضافات میں پہنچ گئے، یوکرینی فوج کی جانب سے شدید مزاحمت کا سلسلہ جاری ہے۔روسی فوج کے دستے کیف کے اطراف پہنچنے لگے۔
دارالحکومت کے مختلف مقامات سے گھیراؤ کاسلسلہ شروع ہوا تو یوکرینی افواج کی طرف سے شدید مزاحمت سامنے آئی، جس میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔کیف سمیت کئی شہروں میں گولہ باری کی وجہ سے شہریوں کو انخلامیں مشکلات کا سامنا ہے، روسی فوج کا بڑا حصہ کیف کے وسط سے پچیس کلومیٹر دوری پر ہے جبکہ روسی فوج، خارکیو، ماریوپول اور سومی کا محاصرہ کرکے شیلنگ جاری رکھے ہوئے ہے۔ادھر روسی بمباری سے شہریوں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں جنہیں اجتماعی قبر میں دفنایا گیا، یوکرینی صدر کا کہنا ہے کہ روسی صدر کو دارالحکومت پر قبضہ کرنے کیلئے اسے خاک میں ملانا ہو گا، ورنہ ہم لڑتے رہیں گے۔ادھر سکیورٹی کونسل میں بھی امریکا اور روس کے آمنے سامنے آ گئے، امریکا نے یوکرین کو مہلک ہتھیار فراہم کرنے کا روسی الزام مسترد کردیا ہے۔