لاہور( این این آئی)سپیشل سنٹرل کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف ، پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز سمیت دیگر کے خلاف فر د جرم عائد کرنے کیلئے 25مارچ کی تاریخ مقرر کر دی ۔
عدالت کی جانب سے گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا ۔ عدالت ایف آئی اے کی جانب سے 18فروری کو دوران سماعت شہبازشریف کے 40منٹ سے زائد تقریر کر کے فرد جرم عائد کرنے پر تاخیر کا حربہ استعمال کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پر بھی 25مارچ کو سماعت کرے گی جبکہ شہباز شریف خاندان کی شوگر مل کے چیف فنانشل آفیسر عثمان احمد کی جانب سے چالان اورعدالت کے دائرہ اختیار کے حوالے سے درخواست پر بھی 25مارچ کو سماعت ہو گی ۔سپیشل سنٹرل کورٹ نے ایف آئی اے کو پابند کیا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں بینک افسران کے بیانات تین روز میں جمع کرائے جائیں ۔ عدالت نے عثمان احمد کے وکلاء کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ۔