اسلام آباد (این این آئی)اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے ارکان قومی اسمبلی کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ارکان قومی اسمبلی سے ملاقاتوں کا سلسلہ تیز کر دیا ۔
وزیراعظم ارکان قومی اسمبلی سے تحریک عدم اعتماد پر گفتگو کریں گے۔ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والے ارکان اسمبلی کی فہرست تیار کر لی گئی ہے،ذرائع کے مطابق وزیراعظم ارکان اسمبلی کو اپنی حکمت عملی سے آگاہ کریں گے، تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے تحفظات بھی دور کیے جائیں گے۔ دوسری جانب سپیکر قومی اسمبلی کی وزراء اور حکومتی اراکین سے ملاقاتیں،اپوزیشن نے سپیکر اسد قیصر کی غیر جانبداری پر سوالات اٹھا دیئے۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سپیکر کے خلاف بھی عدم اعتماد کی تحریک لانے کا منصوبہ تیار کرلیا ،سپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر اپوزیشن اراکین سے دستخط کروا لیے گئے۔ذرائع کے مطابق سو سے زائد اپوزیشن اراکین نے دستخط کیے ہیں ، اپوزیشن ذرائع کے مطابق سپیکر اسد قیصر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کسی بھی وقت جمع کروائی جا سکتی ہے۔ اپوزیشن نے الزام لگایاکہ سپیکر مسلسل ہمارے اراکین کو بھی ملاقات کیلیے بلا رہے ہیں فون کررہے ہیں۔ اپوزیشن ذرائع کے مطابق سپیکرکے اس اقدام کے خلاف عدم اعتماد لارہے ہیں وہ جانبدار ہوگئے ہیں،سپیکر کے خلاف عدم اعتماد جمع ہوگئی تو وہ قومی اسمبلی اجلاس کی صدارت نہیں کرسکیں گے،وزیراعظم کے خلاف پھرعدم اعتماد کی تحریک سے متعلق اجلاس کی صدارت ڈپٹی سپیکر کرینگے۔