اسلام آباد (این این آئی) پی ٹی آئی کے ناراض رہنماء سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد میں ووٹ کا فیصلہ وقت آنے پر کرینگے۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی بلوچستان کے صدر اور سابق صوبائی وزیرتعلیم سردار یار محمد رند نے پارٹی سے ناراضگی
کے بعد اپوزیشن رہنمائوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ روز یار محمد رند نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی، اس ملاقات میں عبدالغفور حیدر، مولانا اسعد محمود اور اکرم درانی بھی شریک تھے۔ذرائع کے مطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں وفاق اور بلوچستان کی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور موجودہ سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے یار محمد رند نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز میں جس طرح پولیس نے ایکشن کیا یہ نہیں ہونا چاہیے تھا، ہم مولانا فضل الرحمن کی زندگی کے بارے میں فکرمند تھے۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سے اس واقعے پر اظہار افسوس کیلئے آیا ہوں، تحریک عدم اعتماد پر ووٹ کا فیصلہ وقت آنے پر کرینگے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ سردار یار محمد رند تجربہ کار پارلیمنٹرین ہیں۔