اسلام آباد (این این آئی)وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے وزیر اعظم کو لکھے گئے خط بارے وضاحتی بیان میں کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کو 8 مارچ بطور
یوم حجاب منانے کی تجویز دی ہے۔اپنے بیان میںپیر نور الحق قادری نے کہاکہ بھارت میں مظلوم طالبات کو حجاب کی وجہ سے تشدد و ذہنی اذیت کا سامنا ہے،حقوق نسواں کی تنظیمیں بھارت میں بڑھتی انتہا پسندی اور اسلاموفوبیا کے خلاف آواز اٹھائیں۔پیر نور الحق قادری نے کہاکہ آئندہ خواتین کے عالمی دن پر عورتوں کے حقوق وراثت، علم، روزگار کے مواقع، گھریلو تشدد، دفاتر میں ہراسگی کے خلاف آواز اٹھانے پر بات کی۔وزیر مذہبی امور نے کہاکہ پاکستان نہ ہی مادر پدر آزاد، حقوق و اقدار سے عاری معاشرہ ہے اور نہ ہی مذہبی سخت گیر معاشرہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہمارا معاشرہ میانہ روی اور اعتدال کا حامل معاشرہ ہونا چاہیے ،حقوق کے نام پر بے حیائی اور بدتمیزی کی کسی صورت اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ خط کے مندرجات واضح اور معتدل پاکستانی معاشرے کی اجتماعی سوچ کے عکاس ہیں،بعض سیاسی رہنما خط کو پڑھے بغیر منفی پراپیگنڈا کی کوشش کر رہے ہیں۔