لندن(این این آئی)کووڈ 19 سے بہت زیادہ بیمار افراد میں کورونا وائرس سے دل کے خلیات کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔برسٹل یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ کووڈ سے بہت زیادہ بیمار افراد میں
یہ وائرس دل کے وسکیولر خلیات کو متاثر کیے بغیر انہیں انفلیمٹری سیلز میں بدل سکتا ہے۔اس تحقیق میں جائزہ لیا گیا تھا کہ کورونا وائرس سے دل کے خلیات پر کیس اثرات مرتب ہوتے ہیں کیونکہ اس بیماری سے دل کے پٹھوں کے نقصان کو مریضوں میں دیکھا گیا تھا۔اب تک یہ اضح نہیں تھا کہ دل کے خلیات وائرس سے متاثر ہوتے ہیں یا مدافعتی نظام کے شدید ردعمل سے پٹھوں کو نقصان پہنچتا ہے۔اس مقصد کے لیے لیبارٹری میں انسانی دل کے ان خلیات پر وائرس کی مختلف اقسام سے تجربات کیے گئے جو خون کی چھوٹی شریانوں میں ہوتے ہیں اور دریافت کیا کہ وائرس ان خلیات کو متاثر نہیں کرتا۔اس دریافت کے بعد دوسرے تجربے میں ان خلیات میں وائرس کے بغیر اسپائیک پروٹین کو آزمایا اور دریافت ہوا کہ ان سے خلیات اپنے ساتھی خلیات سے رابطہ کرنے سے قاصر ہوگئے اور ورم کا عمل شروع ہوگیا۔اس سے عندیہ ملا کہ اسپائیک پروٹین انسانی دل کے خلیات کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے۔اسی طرح تحقیق ٹیم نے کورونا وائرس کے اسپائیک پروٹین کو کووڈ 19 سے حاصل کیے گئے نمونوں میں دریافت کیا جس سے عندیہ ملتا ہے کہ اسپائیک پروٹین کے ذرات خون کی گردش کے ذریعے نظام تنفس سے سفر کرکے جسم میں پھیلتے ہیں اور جان لیوا نقصان کا باعث بنتے ہیں۔