بیجنگ(این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے چینی کارپوریٹ رہنمائوں کو سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کے حکومتی اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے سی پیک خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کیلئے کاروبار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھانے کا مشورہ دیا۔ جمعہ کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بیجنگ میں چین کی سرکردہ
سرکاری و نجی کمپنیوں کے رہنمائوں سے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں چائنا کمیونیکیشن کنسٹرکشن کمپنی، ہائوزانگ ٹیکنالوجی، زی جیانگ سی پورٹ گروپ، چیلنج فیشنز، ہونان سن واک گروپ، رائل گروپ، چائنا روڈ اینڈ برج کارپوریشن، زنگ بانگ گروپ اور چائنا مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کے اعلیٰ حکام شامل تھے۔ کارپوریٹ رہنمائوں نے وزیراعظم کو پاکستان میں اپنے جاری منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے دھاتوں اور کاغذ کی ری سائیکلنگ، توانائی، ٹیکسٹائل، فائبر آپٹکس نیٹ ورکس، ہائوسنگ، ڈیری اور واٹر مینجمنٹ سے متعلق منصوبوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ چائنا کمیونیکیشن کنسٹرکشن کمپنی تعمیراتی اور بنیادی ڈھانچہ کی ترقی کیلئے کام کرتی ہے۔ ہائوزانگ ٹیکنالوجی مربوط کاغذ سازی کے سامان میں مہارت رکھتی ہے۔ زی جیانگ سی پورٹ گروپ چین کے سب سے بڑے پورٹ آپریٹرز میں سے ایک ہے۔ چیلنج فیشنز ایک معروف ٹیکسٹائل کمپنی ہے۔ ہونان سن واک گروپ کا بنیادی کاروبار مواصلات، تھری ڈی پرنٹنگ اور تعمیرات ہے۔ رائل گروپ چین کا سب سے بڑا گائے کا دودھ پیدا کرنے والا سب سے بڑا گروپ ہے۔ چائنا روڈ اینڈ برج کارپوریشن سول انجینئرنگ اور تعمیراتی منصوبوں پر کام کرتا ہے۔ زنگ بانگ گروپ صوبہ جیان زی کا بڑا زرعی انٹرپرائز ہے اور چائنا مشینری انجینئرنگ کارپوریشن چین کی بڑی زرعی صنعتی مشینری کمپنیوں میں سے ایک ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے چینی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے چینی کارپوریٹ رہنمائوں کو پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور انہیں سی پیک خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کیلئے کاروبار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھانے کا کہا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزرا ، مشیر اور اعلیٰ حکام بھی تھے۔