لاہور( این این آئی)زرمبادلہ کے ذخائر بیرونی قرضوں کی ادائیگی کا شکار ہیں، پچھلے ایک ہفتے میں زرمبادلہ کے ذخائر میں 84 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی کمی آئی ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق 21 جنوری کو مرکزی بینک کے پاس موجود ذخائر کی مالیت کم ہوکر 16.19 ارب ڈالر کی سطح پر آگئی۔کمرشل بینکوں کے پاس موجود ذخائر 6.29 ارب ڈالر رہ چکے ہیں جس کے بعد ملکی ذخائر کی مجموعی مالیت 22.48 ارب ڈالر کی سطح پر آچکی ہے۔مرکزی بینک کی جانب سے ذخائر میں بتدریج کمی کی وجہ بیرونی قرضوں کی ادائیگی اور دیگر واجبات ہیں۔واضح رہے کچھ روز قبل پاکستان نے عالمی مارکیٹ میں سات سالہ مدت کے لئے ایک ارب ڈالر کے سکوک بانڈز جاری کیے تھے۔وزارت خزانہ کے مطابق بانڈ کے اجرا ء سے ملنے والے قرض سے زرمبادلہ ذخائر اور ایکسچینج ریٹ میں استحکام آئے گا۔پاکستان نے عالمی مارکیٹ میں پانچ سال بعد اسلامی بانڈ جاری کیا ہے، آخری بار 2017 میں 5.6 فیصد شرح سود پر سکوک بانڈ جاری کیا گیا تھا۔