بیجنگ (آن لائن) چین نے متنازع سرحد عبور کرنے والے بھارتی شہری کو بھارتی فوج کے حوالے کر دیا۔ ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی افواج کے ترجمان نے بتایا غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے والے بھارتی شہری کو جذبہ خیر سگالی کے طور پر بھارتی فوج کے حوالے کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ویسٹرن تھیٹر کمانڈ کے ترجمان کرنل لانگ شاؤہوا نے ایک بیان میں کہا کہ
بھارتی شہری حال ہی میں گشت کے دوران چینی بارڈر گارڈز کو نظر آیا تھا۔پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے ویسٹرن تھیٹر کے وی چیٹ کے آفیشل اکاؤنٹ میں جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارتی شہری غیرقانونی طور پر چین کے علاقے میں داخل ہوا اور پھر معمول کے مطابق سوالات پوچھے گئے۔چینی سرحدی محافظوں نے قرنطینہ اور سرحدی قواعد و ضوابط کا جائزہ لیا گیا اور انسانی بنیاد پر مدد فراہم کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ بھارتی شہری کو چینی اور بھارتی فوج کے درمیان تبادلہ خیال کے بعد واپس کردیا گیا جبکہ اس سے قبل بھارت نے ان کی تلاش میں تعاون کی درخواست کی تھی۔چین کی جانب سے تازہ اعلان ایسے وقت میں آیا جب گزشتہ ہفتے بھارتی وزارت دفاع نے کہا تھا کہ انہوں نے چین سے رابطہ کرکے درخواست کی ہے کہ وہ 17 سالہ بھارتی شہری میرام ٹاروم کو تلاش کرکے واپس بھیج دیں۔بھارتی شہری کے بارے میں رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ وہ سرحد کے قریبی علاقے سے لاپتہ ہوگئے تھے اور انہیں چین کے فوجیوں نے حراست میں لیا ہے۔چین کی جانب سے بھارتی شہری کی واپسی کے اعلان میں واضح نہیں کیا گیا کہ آیا وہ میرام ٹاروم ہی ہے یا اور دوسرا شہری ہے تاہم نئی دہلی کو خبردار ضرور کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ہم بھارت پر زور دیتے ہیں کہ وہ دوطرفہ معاہدوں پر سختی سے عمل کریں، انتظامی معاملات اور کنٹرول مضبوط کرنے اور سرحدی علاقوں میں حالات معمول پر لانے کے لیے اقدامات کریں۔