اسلام آباد(آن لائن)الیکشن کمیشن کا علی امین گنڈا پور کے خلاف جوڈیشل کارروائی کرنے کا فیصلہ، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے یکم فروری کو طلب کرلیا ہے۔الیکشن کمیشن نے معاملے پر ضلعی مانیٹرنگ کمیٹی سمیت دیگر حکام کو بھی تفصیلی رپورٹ کمیشن کے
سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس سکندر سلطان راجہ چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس میں ممبر ان الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سئنیر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں الیکشن کمیشن نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے انتخابات جن کا انعقاد مورخہ 13فروری 2022 کو ہونا ہے اس میں وفاقی وزیر علی امین گنڈہ پور کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا سخت نوٹس لیا۔ الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ مذکورہ بالا وزیر کے بھائی عمر امین گنڈہ پور تحصیل سٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے امیدوار ہیں اور وزیر موصوف نے پہلی دفعہ 5دسمبر 2021کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی اور انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے پبلک سے خطاب کیا اور چند ترقیاتی سکیموں کا اعلان کیا جس پر انہیں 50ہزار روپے جرمانہ ہوا جس کی انہوں نے ادائیگی کی۔کمیشن کے مطابق وفاقی وزیر نے مورخہ 15دسمبر 2021 کو دوبارہ ڈیرہ اسماعیل خان میں پبلک ریلی سے خطاب کیا جس پر مزید کارروائی کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ مانیٹرننگ آفیسر (DMO)نے انکا کیس الیکشن کمیشن میں بھجوادیا جس پر الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ اس کیس کو سماعت کے لئے الیکشن کمیشن کے روبرو پیش کیا جائے۔ الیکشن کمیشن کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ مذکورہ بالا وزیر نے اب بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں جاری رکھی ہوئی ہیں
اور اس بابت ایک درخواست بھی الیکشن کمیشن میں موصول ہوئی ہے۔ان تمام حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ اس کیس کو مورخہ یکم فروری 2022کوسماعت کے لئے مقرر کیا جائے اور وزیر موصوف اور اس کے بھائی امیدوار عمر امین گنڈہ پور کو ضروری نوٹس آج ہی جاری کئے جائیں تاکہ مزید
ضروری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ مزید الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر /ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان متعلقہ ریٹرننگ آفیسر اور ڈسٹرکٹ مانیٹرننگ آفیسر سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈا پور کے خلاف جوڈیشل کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، چیف الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈا پور کے خلاف کیس کھلی عدالت میں مقرر کرنے کا حکم دیا ہے۔