نئی دہلی(آن لائن) بھارتی پولیس نے نریندر مودی کی توہین کے الزام میں مقبوضہ کشمیر سے باپ اور بیٹے کو گرفتار کرلیا ۔ بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع راجوری کے علاقے دہریاں میں پولیس نے سوشل میڈٰیا پر بھارتی وزیر اعظم نریندر
مودی کے خلاف ویڈیو پوسٹ کرنے پر باپ اور بیٹے کو گرفتار کرلیا ہے۔رپورٹ کے مطابق دہریاں سے تعلق رکھنے والے شوکت حسین اوراس کے والد سلام دین کو فیس بک پر وزیر اعظم نریندر مودی کے بارے میں ایک توہین آمیز ٹک ٹاک اپ لوڈ کرنے پر بی جے پی کے کارکنوں کی شکایت پر گرفتار کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ اس ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر بی جے پی کے حمایتوں نے پولیس کے پاس مقدمہ درج کرایا جس پر ضلع کے علاقے چنگس سے تعلق رکھنے والے باپ بیٹے کوگرفتار کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ ویڈیو میں وزیر اعظم مودی کے خلاف توہین آمیز اور قابل اعتراض الفاظ موجود تھے۔واضح رہے کہ گذشتہ دنوں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی زبان پھسل گئی تھی اور ان کے منہ سے ‘بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ’ کی جگہ ‘بیٹی بچاؤ بیٹی پٹاؤ’ نکل گیا تھا جس کے بعد سوشل میڈٰیا پر ان کا خوب مزاق بنایا گیا۔