اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عمران خان حکومت میں ریکارڈ کابینہ ارکان کو عہدوں سے ہٹایا گیا ہے۔ روزنامہ جنگ میں فخر درانی کی خبر کے مطابق، عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے اپنے کابینہ ارکان کو عہدوں سے ہٹانے کے معاملے میں گزشتہ تمام حکومتوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔بیرسٹر
شہزاد اکبر کا وزیراعظم کے مشیر کے عہدے سے مستعفی ہونا یا انہیں عہدے سے ہٹائے جانے سے یہ تعداد تقریباً دو درجن کے قریب پہنچ گئی ہے، جو کہ کسی بھی حکومت کا ریکارڈ ہے۔عمران خان کے ساڑھے تین سالہ اقتدار میں نہ صرف ریکارڈ تعداد میں وفاقی کابینہ ارکان کی تقرری کی گئی بلکہ وزراء، مشیروں اور وزیراعظم کے معاونین خصوصی کو عہدوں سے ہٹانے کی تعداد بھی ریکارڈ سطح پر بلند ہوچکی ہے۔جن کابینہ ارکان کو اب تک مختلف عہدوں سے ہٹایا گیا ہے ان میں اسد عمر، عبدالحفیظ شیخ، ڈاکٹر وقار مسعود خان، ذوالفقار عباس بخاری، فردوس عاشق اعوان، اعجاز شاہ، ڈاکٹر عشرت حسین، شہزاد اکبر، ندیم افضل چن، عاصم سلیم باجوہ، تابش گوہر، فیصل واوڈا، عامر محمود کیانی، ندیم بابر، ظفر مرزا، تانیہ ایڈرس، یوسف بیگ مرزا، شہزاد سید قاسم، شہزاد ارباب، غلام سرور ، خالد مقبول صدیقی، ڈاکٹر ظفر مرزا اور طاہر اے خان اور دیگر شامل ہیں۔