اسلام آباد(آن لائن) نوازشریف کی وطن واپسی کا معاملہ،اٹارنی جنرل آفس نے نوازشریف کی واپسی کے ضامن شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔خط میں میاں نواز شریف کے ضامن میاں شہباز شریف کو لاہور ہائیکورٹ میں دی انڈرٹیکنگ پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس 10 دن میں اسپیشل میڈیکل بورڈ کو فراہم کی جائے۔خط میں واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ میڈیکل بورڈ کو نواز شریف کی رپورٹ نہ دینے کی صورت میں قانونی کاروائی عمل میں لانے سمیت توہین عدالت کی درخواست بھی دائر کی جائیگی۔ میاں شہباز کے نام اٹارنی جنرل آفس سے 24 جنوری کو جاری دو صفحات پر مشتمل اس خط پر سیکرٹری اٹارنی جنرل آف پاکستان خالد خان نیازی کے دستخط ثبت ہیں۔