اسلا م آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے شہزاد اکبر کے استعفیٰ دینے کی وجہ بیان کر دی ۔ تفصیلات کے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شہباز گل نے شہزاد اکبر کے استعفیٰ دینےکے حوالے سے کہا ہےکہ ’’شہزاد اکبر صاحب نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے وکالت کے کیریر کو زیادہ وقت دینا چاہتے ہیں۔انکا مزید کہنا تھا کہ اس کے
ساتھ ساتھ وہ پی ٹی آئی کی جماعتی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیتے رہیں گے۔ ہم ان کے اس نئے سفر کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ وزیراعظم کے مشیر برائے داخلہ اور احتساب شہزاد اکبر نے استعفیٰ دے دیا۔پیر کو ٹوئٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم کے مشیر شہزاد اکبر نے استعفیٰ دیے جانے کی تصدیق کی۔شہزاد اکبر نے کہا کہ میں نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم عمران خان کو بھیج دیا ہے اور امید ہے عمران خان کی زیر قیادت احتساب کا عمل جاری رہے گا۔ذرائع کے مطابق شہزاد اکبر نے وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے البتہ ان کے مشیر برائے داخلہ کے حوالے سے صورتحال ابھی واضح نہیں۔ذرائع کے مطابق 18 جنوری کو کابینہ کمیٹی کی میٹنگ میں شیخ رشید نے نوازشریف کی واپسی سے متعلق سوال اٹھایا تھا جس پر شہزاد اکبر نے نواز شریف کی واپسی کو مشکل قرار دیا تھا۔ذرائع نے بتایاکہ وزیراعظم عمران خان شہزاد اکبر کی کارکردگی سے خوش نہیں تھے اور انہیں دو ہفتے پہلے ہی استعفیٰ دینے کا اشارہ دیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق شہزاد اکبر کو خود سے استعفیٰ دے کر جانے کا کہا گیا بصورت دیگر وزیراعظم انہیں برطرف کرسکتے تھے۔