ریاض(این این آئی)سعودی شہر طریف میں اونٹ کی آنکھوں سے نکلتے آنسو منجمد ہونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، صارفین نے اس منظر کو ناقابل یقین قرار دیا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق طریف میں درجہ حرارت منفی پانچ تک جاچکا ہے، شدید سردی کے باعث اونٹ کی آنکھوں سے نکلنے والے آنسو بہنے کے بجائے جم رہے ہیں۔دوسری جانب قومی مرکز موسمیات نے ریاض اور قصیم کے باشندوں کو تنبیہہ کی کہ وہ اگلے 48گھنٹے جنگلات کا رخ نہ کریں، ان دنوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے تین ڈگری نیچے ہوگا۔مرکز موسمیات کا کہناتھا کہ شمالی مملکت میں شدید سردی کی لہر ابھی جاری رہے گی اور درجہ حرارت تدریجی طور پر بڑھنا شروع ہوگا۔مرکز کا مزید کہنا تھا کہ سردی کی شدید لہر مملکت کے مشرقی اور وسطی علاقوں کا رخ کرے گی، ہفتے اور اتوار کے روز سے مملکت کے جنوبی علاقے اس لہر کی لپیٹ میں ہوں گے۔