پشاور (این این آئی)انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور کے حیات آباد کیمپس میں روبوٹک نمائش کا اہتمام کیا گیا جس میں اسکولوں اور دینی مدارس کے طلبا و طالبات نے حصہ لیا۔یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں 2 روزہ روبوٹک مقابلے اور نمائش نیشنل روبو ٹک
2022 کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے اسکولوں اور دینی مدارس کے 500 طلبا وطالبات پر مشتمل مختلف ٹیموں نے حصہ لیا۔نمائش میں طلبہ نے جہاں ایک طرف پروگرامنگ اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے چلانے والے روبوٹس کے 25 اسٹالز لگائے ،روبوٹک نمائش میں فوڈ اسٹالز بھی لگائے گئے۔نمائش میں شریک افراد طلباکے تیار کردہ روبوٹس کو دیکھ کر داد دیے بغیر نہ رہ سکے، شرکاء نے نمائش میں لگے فوڈ اسٹالز سے لذید کھانوں کا مزہ بھی لیا جبکہ بعض افراد ای گیمنگ سے محظوظ ہوتے رہے۔ روبوٹک نمائش میں شریک بچوں سمیت یونیورسٹی طلبا نے بھی باری باری ہر ایک اسٹال سے روبوٹس کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔نمائش میں وزیر برائے اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا کامران بنگش نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومتی سطح پر اسکولوں میں سائنسی نمائش کے انعقاد سے ٹیلنٹ کو آگے لانے میں مدد مل رہی ہے۔دوران گفتگو کامران بنگش نے جدید ٹیکنالوجی میں دینی مدارسِ کے طلبا کی کارکردگی کو بھی سراہا۔