نیویارک(این این آئی)گوگل نے ونڈوز کمپیوٹرز پر اینڈرائیڈ گیمز کی آزمائش شروع کردی،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ سہولت سب سے پہلے ہانگ کانگ،
تائیوان اور جنوبی کوریا میں دستیاب ہوگی جہاں کے صارفین اسفالٹ 9، گارڈن اسکیپس اور دیگر گیمز کھیل سکیں گے۔اس کے لیے کم از کم ونڈوز 10(ورژن 2004)یا ونڈوز 11 آپریٹنگ سسٹم کی ضرورت ہوگی، ایک ایسا کمپیوٹر جس میں اوکٹا کور سی پی یو ہو، معتدل حد تک طاقتور جی پی یو، 8 جی بی ریم اور کم از کم 20 جی بی اسٹوریج کی ضرورت ہوگی۔گوگل پلے گیمز کا مینیو کافی حد تک گوگل پلے اسٹور جیسا ہی ہوگا مگر اس میں زیادہ طویل ڈسکرپشن اور مختلف نوٹیفکیشنز بھی ہوں گے۔صارفین پلے پوائنٹس بھی حاصل کرسکیں گے چاہے وہ گیم کو کسی اینڈرائیڈ فون پر نہ بھی کھیل رہے ہوں۔یہ بیٹا ورژن دیگر ممالک میں بھی جلد متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جس میں مزید گیمز کو بھی شامل کیا جائے گا۔