لاہور(این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف نے انارکلی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتی جانوں کے ضیاع اور درجنوں زخمیوں کی اطلاع پردلی صدمہ پہنچا۔
ٹوئٹر پر اپنے بیان میں نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کی غلط پالیسی کی وجہ سے پاکستان میں دہشتگردی دوبارہ شروع ہو چکی ہے جس کی شدید مذمت کرتا ہوں۔اللہ تعالی جاں بحق افراد کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور زخمیوں کو جلد صحتیابی عطا فرمائے۔دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں،حکومت زخمی افراد کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نو سالہ بچے کی دہشتگردانہ کاروائی میں شہادت سے دلی رنج ہے،دہشتگردی کے ناسور کا ہمارے دور میں سر کچل دیا گیا تھالیکن دشمن ایک مرتبہ پھر اپنے پر پھیلا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام میں احساس تحفظ قائم رکھے۔