اسلام آباد(آ ن لائن)وزیراعظم عمران خان (ن) لیگ پر برس پڑے اور اسے ایک مافیا قرار دیتے ہوئے کہا ہیکہ کہ عدالت نے رانا شمیم کیس میں انھیں بری طرح بے نقاب کردیا ہے یہ اب عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتے سابق چیف جج کا بیان حلفی نواز شریف کے بیٹے کے دفتر میں ہی تیار ہوا تھا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی ترجمانوں اور رہنماؤں کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں ہائیکورٹ کے فیصلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ عدالت نے شریف فیملی کا کچا چٹھا کھول دیا ہے۔چیف جج کا بیان حلفی نواز شریف کے بیٹے کے آفس میں نوٹرائزڈ ہوا ہے۔مریم نواز کے کیس سے پہلے ایفی ڈیویٹ سامنے لایا گیا۔شریف فیملی ایک مافیا کی طرح ایکٹ کر رہی ہے۔شریف فیملی ایک مافیا ہے، بقا کی جنگ لڑ رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا شریف فیملی خود کو بچانے کی جنگ لڑ رہی، ہم عوام کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ شریف فیملی ہمیشہ عدالتوں پر اثر انداز ہوتی رہی اور ایسے حربے استعمال کرتی رہی ہے، وزیراعظم نے کہاہمیں اس مافیا کا مقابلہ کرنا ہے، آج عدالت نے انہیں ایکسپوز کر دیا ہے۔دریں اثناء پارٹی ترجمانوں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ شریف فیملی ایک مرتبہ پھر اسلام آباد ہائیکورٹ میں بے نقاب ہوئی ہے۔یہ بات بھی سامنے آئی کہ رانا شمیم کا بیان حلفی حسن نواز کے آفس میں تیار ہوا۔ انہوں نے کہا شہزاد اکبر نے اسلام آباد ہائیکورٹ فیصلے سے متعلق بریفنگ دی۔اجلاس میں معاشی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا ورلڈ بینک بلوم برگ اور دی اکانومسٹ کی رپورٹس سے واضح ہے کہ معاشی اعشاریے بہتر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کی معاشی گروتھ 5 اعشاریہ 37 ہو گئی ہے۔ لارج سکیل مینوفیکچرنگ اور سروسز کے شعبہ میں ترقی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کی ریکارڈ ٹیکس کولیکشن اور ایکسپورٹس ہیں۔ انہوں نے کہا اجلاس میں وزیراعلی پنجاب کی تعریف ہوئی ہے۔عثمان بزدار سروے کے مطابق نمبر ون وزیراعلی ثابت ہوئے ہیں۔