اسلام آباد (آن لائن) الیکشن کمیشن نے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ رولز کی عدم فراہمی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف کمشنر اسلام آباد سمیت وزارت داخلہ کے حکام کو طلب کرلیا ہے۔الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں منعقد ہوا اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن ودیگر سنیئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن کو میٹنگ کے ایجنڈہ کے متعلق بریفننگ دی گئی الیکشن کمیشن کو انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی سے متعلق اب تک کی پراگرس پر بریف کیا گیا۔ جس پر الیکشن کمیشن نے اطمینا ن کا اظہار کیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے تمام صوبائی الیکشن کمشنروں کو ہدایات جاری کیں کہ انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے پراسس میں لوگوں کو مکمل آگاہی اور معاونت فراہم کی جائے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ عام انتخابات2023سے پہلے تمام اہل ووٹران کے ووٹ کا اندارج ہو چکا ہے۔الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب ،سندھ اور بلوچستان میں حلقہ بندی کا عمل جاری ہے البتہ اسلام آباد لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2021 کے تحت الیکشن کمیشن کورولز فراہم نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے الیکشن میں تاخیر کا خدشہ ہے۔مزید لوکل گورنمنٹ آرڈیننس میں بھی چند ضروری ترامیم درکار ہیں۔ رولز کی عدم فراہمی پر الیکشن کمیشن نے سختی سے نوٹس لیا اورحکم دیا کہ اگلے ہفتہ میں چیف کمشنر اسلام آباد اور وزارت داخلہ کے نمائندوں کو بلایا جائے تاکہ وہ رولز اور ضروری ترامیم کی بروقت فراہمی کویقینی بنائیں۔ الیکشن کمیشن کو الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں ڈیٹا سنٹر کی تعمیر اور پرنٹنگ فیلسٹی کی تکمیل کیبارے میں بھی بتایا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے دونوں امور کی جلد تکمیل پر زور دیا۔