اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے ضلعی انتظامیہ کی مدد سے یوریا کی تقسیم کیلئے طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں کسانوں کو عالمی قیمتوں کے مقابلے میں 5 گنا سستی یوریا کھاد دستیاب ہے۔بدھ کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس، کھاد کی پیداوار،ذخیرہ اندوزی و سمگلنگ سے نمٹنے کے لئے
مانیٹرنگ کے طریقہ کار اور پاکستان و علاقائی سمیت عالمی سطح پر یوریا کی قیمتوں کے فرق پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں کھاد کی تقسیم میں زائد منافع خوری کے لئیکھاد کے ذخیرہ اندوزوں اور سمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے تین سالہ دور میں کھاد کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے اوریہ پیداوار 61 لاکھ ٹن سے تجاوز کرگئی جبکہ 2018 سے قبل کبھی بھی یہ پیداوار 55 لاکھ ٹن سے اوپر نہیں گئی۔مقامی سطح پر کھاد کی پیداوار سے کاشتکاروں کوعالمی مارکیٹ کی قیمتوں کے مقابلہ میں پانچ گنا سستی یوریا دستیاب ہوسکی ہے۔اجلاس کو کھاد کی پیداوار،اس کی ملک بھر میں تقسیم،ذخیرہ اندوزی اور سمگلنگ سے نمٹنے کے لئے مانیٹرنگ کے طریقہ کار اور پاکستان اور علاقائی سمیت عالمی سطح پر یوریا کی قیمتوں کے فرق پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت کی تین سالہ مدت میں یوریا کی پیداوار 61 لاکھ ٹن 4 لاکھ 40 ہزار تھیلے روزانہ سے تجاوز کرگئی ہے اس سے قبل یہ پیداوار 55 لاکھ ٹن 3 لاکھ 70 ہزار تھیلے یومیہ سے کم رہی۔یہ تمام کامیابیاں حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ممکن ہوسکیں۔جس میں یوریا پلانٹس کو بغیررکاوٹ گیس کی فراہمی شامل ہے۔وزیر اعظم کے فوڈ سیکیورٹی کی ترجیحات کے وڑن کے تحت سپلائی اورڈیمانڈ کے مانیٹرنگ سسٹم کے ساتھ پورے عمل کی مکمل نگرانی کی جارہی ہے
اور روزانہ کی بنیاد پر مسائل حل کئے جاتے ہیں۔سندھ کے علاوہ تمام دیگر صوبے 90 فیصد پیداوار اور 23 فیصد تصدیق کے ساتھ پی آئی ٹی بی پورٹل کی ویریفیکیشن یقینی بنا رہے ہیں۔اجلاس کو حکام کی جانب سے انسداد سمگلنگ آپریشن اور بارڈر پر پکڑے گئے تھیلوں کے بارے تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو یوریا کے
شعبہ میں سپلائی اورڈیمانڈ کے درمیان مشکلات کے ذمہ دار عناصر کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں یونین کونسل کی سطح پر یوریا کھاد کی مناسب تقسیم یقینی بنانے کے لئے جامع منصوبہ پیش کیا گیا جس پر عمل درآمدسے یونین کونسل کی سطح پر ضلعی انتظامیہ،محکمہ زراعت اورمحکمہ ریونیو کی زیر نگرانی یوریا کی
مناسب فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ اس منصوبہ پر فوری عمل یقینی بنایا جائے تاکہ چھوٹے کاشتکار کو سہولت میسر آسکے جو حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ اجلاس میں وفاقی وزراء شوکت ترین، چوہدری فواد حسین،حماد اظہر،مخدوم خسرو بختیار،سید فخرامام،فرخ حبیب،ڈاکٹر شہبازگل،جمشید اقبال چیمہ کھاد کی صنعت سے وابستہ فریقین اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔