راولپنڈی (آن لائن ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے کانگو کی زمینی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سیکابوے آسندا فال نے ملاقات کی ہے جس کے دوران باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی تعاون اور تربیتی امور بھی زیر غور آئے، جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج اقوام متحدہ کی چھتری تلے فروغ
امن میں کردار کیلئے پرعزم ہے، پاکستان نے عالمی فروغ امن کیلئے گراں قدر قربانیاں دی ہیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان براعظم افریقہ میں کانگو کو ایک اہم ملک تصور کرتا ہے، اور خطے میں امن کیلئے کانگو کی کوششیں بھی گرانقدر ہیں، کانگو کے کمانڈر نے امن مشن کیلئے مسلح افواج کی خدمات کوسراہا، کونگو کے کمانڈر نے دونوں افواج کے مابین مختلف امور پر تعاون بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔